کاروار:29/ دسمبر(ایس اؤنیوز) کاروار میں پریس کانفرنس کے دوران ضلع اُترکنڑا کے انچارج وزیر دیش پانڈے نے ہوناور میں حال ہی ہلاک ہونے والے پریش میستا کے والد کی طرف سے رقم واپس لوٹانے کے تعلق سے بیزارگی کا اظہار کیا، اخبارنویسوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوناور کے نوجوان پریش میستا کی موت کی اطلاع پاکراسی شام میں ان کے گھر پہنچا تھا اور مہلوک کے والد کملاکر میستا سے ملاقات کی تھی ۔ غریب خاندان ہونے کی بنا پر میں نے انسانیت کی بنیاد پر تھوڑی سی رقم مالی تعاون کے طورپر دیا تھا، لیکن انہوں نے میری دی گئی رقم کو واپس لوٹانے کے متعلق جو بیان دیا ہےاس سے مجھے بیزارگی ہوئی ہے۔جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ رقم آپ کو مل گئی ہے تو انہوں نے کہا کہ نہیں ؛ ابھی تک رقم مجھے نہیں پہنچی ہے ، اگر ہمارے کسی ساتھی کو دئیے ہیں تو مجھے اس کا پتہ نہیں ہے۔
ا وزیر نے کہاکہ کوئی بھی تکلیف یا پریشانی میں ہوتاہے تو ان کا تعاون کرنا چاہئے لیکن اس کی تشہیر نہیں کرنی چاہئے۔ اسی لئے میں نے کملاکر میستا کوجو مالی تعاون دیا تھا اس کا کہیں بھی تذکرہ نہیں کیا ۔ صدقہ خیرات کی کبھی تشہیر نہیں کرنی چاہئے۔ یہاں ایک انسانیت اور محبت کے ناطے دی گئی رقم کو واپس کئے جانے پر مجھے بیزارگی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ کے ڈی سی سی بینک میں پریش میستا کے بھائی کو روزگار فراہم کرنے کی بات کہی گئی تھی انہوں نے اس کا بھی انکار کیا ہے ، کملا کر میستا ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، میں جب ان کے گھر گیاتھاتو بڑی محبت سے پیش آئے تھے۔ اس کی ماں بیٹے کی موت کے غم میں مبتلا تھی، میں نے اپنی طرف سے جو کچھ کرسکتا تھا، کیا ہے۔
ڈی سی کے توسط سے میں نے بنگلورو میں ہی جانکاری لی تھی اور اسی شام ان کے گھرپہنچ کر تعاون کیا تھا، ان سب حالات پر غور کریں تو محسوس ہوتاہے کہ ان کے گھروالوں کے پیچھے کوئی خفیہ قوت کام کررہی ہے، اوریہ سب کچھ انجان ہاتھوں کی کارستانی ہے جو اُنہیں گمراہ کررہے ہیں۔ مگر میں اُس تعلق سے ابھی کوئی تبصرہ یا تنقید کرنا مناسب نہیں سمجھتا۔
اننت کمار ہیگڈے بے تکی تنقید سے پرہیز کریں: اننت کمار ہیگڈے کے تعلق سے دیشپانڈے نے کہا کہ وہ مرکزی وزارت کے اہم عہدے پر فائز ہیں، ان کے لئے کرنے کے بہت سارے کام ہیں، دیشپانڈنے اُنہیں صلاح دیتے ہوئے کہا کہ وہ بے تکی تنقید سے باز آجائیں۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہاکہ اننت کمار ہیگڈے جی میں جو آیا کہہ رہے ہیں جو صحیح نہیں ہے، بطور وزیر اُن کے لئے ایک بہتر موقع ملاہے، ریاست اور ملک میں ترقی کاکام کرنےکے بجائے ریاست کے وزیر اعلیٰ کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال اچھی بات نہیں ہے ، یہ شرافت نہیں ہے ، آخر وہ ایسا کیوں کررہے ہیں پتہ نہیں، اننت کمار ہیگڈے مرکزی وزیر ہیں، انہیں عزت دینا میرا کام ہے ، ان کے تعلق سے وزیرا عظم کو خط لکھنا میری ذمہ داری نہیں ہے ، وہ کیاباتیں کررہے ہیں وزیر اعظم جانتے ہیں۔ بی جےپی کے دوست بھی ان کی بیان بازی سے بیزارگی کا اظہار کرچکے ہیں۔